لاہور (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اداروں کو بے توقیر کرنے میں حکومت کا سب سے بڑا ہاتھ ہے،31 جنوری کو سرگودھا میں جلسہ ہوگا،حکومت کے ظالمانہ اقدامات کیخلاف تحریک کو تیز کرینگے،پی ٹی آئی نے ڈھائی سالہ دور حکومت میں مایوسیوں اور اندھیروں میں اضافہ کیا۔وزیراعظم کے بیانات جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں،سابقہ اور موجودہ حکومتیں ملک میں ہر طرح کے مسائل کی ذمہ دار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سرا ج الحق نے کہا کہ شاید پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس میں آدھی درجن مافیانا صرف فیصلوں پر اثر انداز ہوتا ہے بلکہ عملی طور پر حکومتی امور سرانجام دے رہاہے۔ پہلے چینی برآمد کرنے پر 27 ملین ڈالرپھر درآمد پر 96 ملین ڈالر کمائے گئے۔گندم پیدا کرنے والے ملک نے گندم درآمد کی 229 ملین ڈالر کمائے گئے۔ وزیراعظم بتائیں کہ یہ فائدہ ملک کو حاصل ہوا یا مافیاز نے اربوں روپے کا فائدہ اٹھایا ؟۔