• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف بھارتی اداکار رجنی کانت کے گھر کے باہر سیکڑوں مداحوں نے مظاہرہ کیا تا کہ اداکار سیاست میں حصہ نہ لینے کا اپنا فیصلہ واپس لے لیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چنائے میں واقع رجنی کانت کے گھر کے باہر سیکڑوں مداح جمع ہوگئے اور انہوں نے اداکار کے سیاست میں نہ آنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ کچھ دن قبل حیدرآباد میں فلم’اناتھی‘ کی شوٹنگ کے دوران رجنی کانت کی طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔ بعد ازاں اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد انہیں ڈاکٹروں نے آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

اسپتال سے گھر آنے کے تیسرے روز رجنی کانت نے اعلان کیا کہ وہ سیاست میں حصہ نہیں لیں گے اور سیاست میں آئے بغیر ہی اپنے ملک اور لوگوں کی خدمت کریں گے۔

اداکار رجنی کانت نے اپنے اس فیصلے پر اپنے چاہنے والوں سے معذرت بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ رجنی کانت نے سال 2018 میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی سیاسی جماعت بنا کر انتخابات میں حصہ لیں گے، اس کے بعد انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جنوری 2021 میں اپنی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھیں گے جو آئندہ انتخابات میں حصہ لے گی۔ تاہم اسپتال سے آنے کے بعد انہوں نے سیاست میں آنے کا فیصلہ بدل دیا تھا۔

تازہ ترین