بلوچستان کے 8 اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 38 نئے مریض سامنے آگئے۔ سب سے زیادہ 18 مریض چاغی سے رپورٹ ہوئے۔ کوئٹہ میں کورونا کی شرح آٹھ فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ کورونا میں مبتلا 23 مریض صحت یاب ہوگئے۔
محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو صوبے میں 514 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔ جس کے نتیجے میں صوبے کے 8 اضلاع سے 38 نئے کیسز سامنے آئے۔
ان میں سب سے زیادہ اٹھارہ کورونا کیسز چاغی سے رپورٹ ہوئے۔ کوئٹہ سے 9، لسبیلہ سے چار ،ژوب اور نوشکی سے دو دو ،خضدار، گوادر اور خاران سے کورونا کا ایک ایک کیس سامنے آیا۔
جس کے بعد صوبے میں ابتک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 467 ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 23 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 17ہزار 978 ہوگئی۔ صوبے میں کورونا سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 188 ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 112 ٹیسٹ کئے گئے ، اس دوران کورونا کے9 مریض سامنے آئے، کوئٹہ میں آج کورونا کی شر ح 8.0 فیصد رہی۔