بلوچستان کے چار اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 17 نئے مریض سامنے آگئے۔ سب سے زیادہ سات مریض کوئٹہ اور چاغی سے رپورٹ ہوئے جبکہ کورونا میں مبتلا 17 ہی مریض صحت یاب بھی ہوگئے۔
محکمہ صحت بلوچستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پیر کو صوبے میں 537 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔ جس کے نتیجے میں صوبے کے 4 اضلاع سے 17نئے کیسز سامنے آئے۔
ان میں چاغی اور کوئٹہ سے سات سات، خضدار سے دو اور کیچ سے کورونا کا ایک کیس سامنے آیا۔ جس کے بعد صوبے میں ابتک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 429 ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 17 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 955 ہوگئی ہے۔
صوبے میں کورونا سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 188ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 204 ٹیسٹ کئے گئے۔ اس دوران کورونا کے7مریض سامنے آئے، کوئٹہ میں آج کورونا کی شر ح 3.4 فیصد رہی۔