واشنگٹن (اے ایف پی، جنگ نیوز)امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ایران القاعدہ کا نیا اڈہ بن چکا ہے، یہ افغانستان میں موجود القاعدہ کے اڈے سے زیادہ خطرناک ہے ، ایران اب افغانستان بن چکا ہےجہاں القاعدہ کی زیادہ تر قیادت موجود ہے ، منگل کے روز واشنگٹن میں نیشنل پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ القاعدہ کانائب سربراہ ابو محمد المصری ایران میں مارا گیاتاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا المصری اسرائیلی حملے میں مارا گیا تھا، مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایران نے اس دہشت گرد گروپ کے سینئر رہنمائوں کواپنے ہاں پناہ دی تھی،وہ وہیں بیٹھ کر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کرتے تھے، دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ محمد جوادظریف نے مائیک پومیو کے الزامات کو مسترد کردیا ہے اور انہیں جنگ آزمائی کے لیے جھوٹ کا پلندا قرار دیا ہے، انہوں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ امریکا پر 11 ستمبر2001ء کو حملے کرنے والے دہشت گردوں میں سے کسی کا ایران سے تعلق نہیں تھا،دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ نے القاعدہ کے رہنما محمد عباطے المعروف عبدالرحمان المغربی اور سلطان یوسف حسن العارف کو خصوصی عالمی دہشت گرد قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔