• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج پرواز کو بم کی اطلاع پر انڈونیشیا میں ہنگامی طور پر اتار لیا گیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

سعودی عرب سے انڈونیشیا آنے والی حج پرواز کا رخ بم کی اطلاع پر ہنگامی طور پر موڑ دیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق 442 حجاج کو لانے والی سعودی عرب کی ایئر لائن کو جکارتا کے بجائے کوالانامو اتارا گیا۔

نامعلوم شخص کی جانب سے ای میل پر طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی، پائلٹ نے پرواز کو قریبی ایئرپورٹ کی طرف موڑنے کا فیصلہ کیا۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کے مطابق انہیں انڈونیشیا کے ایئرپورٹ آپریٹر کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ کسی نامعلوم شخص نے ای میل کے ذریعے ایک بم حملے کی دھمکی دی ہے۔

یہ ای میل مقامی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے بھیجی گئی، جس میں کہا گیا کہ سعودی ایئرلائن کی پرواز SV 5276 کو اُڑا دیا جائے گا، یہ پرواز سعودی شہر جدہ سے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ جا رہی تھی۔

انڈونیشیا کے ہوائی اڈوں کے آپریٹر نے بتایا کہ جب پائلٹ کو سیکیورٹی اور حفاظت سے متعلق خطرے کا علم ہوا تو اُس نے فوری طور پر قریبی ہوائی اڈے پر طیارے کو اتارنے کا فیصلہ کیا۔

اس کے بعد صبح 10 بجے کے بعد پرواز کو جکارتہ کے سُوئیکارنو ہتّا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے بجائے کوالانامو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔

ہوائی اڈے پر طیارے سے تمام مسافروں کو بحفاظت نکالا گیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جہاز کا مکمل معائنہ کیا تاکہ کسی بھی مشتبہ دھماکا خیز مواد کو تلاش کیا جا سکے۔

تاحال کوئی بم یا دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا، تاہم حکام نے کہا کہ معاملے کی مکمل تفتیش کی جا رہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ دھمکی دینے والا شخص کون ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید