• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسانوں کی درخواست منظور، مودی کو دھچکا، سپریم کورٹ نے نئے زرعی قوانین پر عمل روک دیا

کسانوں کی درخواست منظور، مودی کو دھچکا


نئی دہلی (اے ایف پی، جنگ نیوز) بھارتی سپریم کورٹ نے کسانوں کی درخواست منظور کرتے ہوئےنئے زرعی قوانین پر عمل روک دیا،عدالت نے کسانوں کے احتجاج کے بعد نئے زرعی قوانین پر سماعت کے لیے پینل تشکیل دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے قانون پر غیر معینہ مدت تک حکم امتناع جاری کردیا۔سپریم کورٹ نے احتجاجی کسانوں اور حکومت سے بات چیت کے لیے ماہرین کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔بھارتی چیف جسٹس شراد بوبدے نے سماعت کے دوران کہا کہ کسانوں کے خدشات کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ ایک پینل تشکیل دے گا۔

چیف جسٹس شراد بوبدے کا کہنا تھا کہ ʼہمارے پاس کمیٹی تشکیل دینے کا اختیار ہے اور کمیٹی ہمیں رپورٹ دے سکتی ہے۔انہوں نے ستمبر 2020 میں جاری ہونے والے قوانین پر غیر معینہ مدت کے لیے اسٹے آرڈر جاری کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ ʼہم کسانوں کو تحفظ دیں گے۔

کسان یونین سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات چیت کر رہی ہیں لیکن کسانوں نے اپنے ابتدائی ردعمل میں کہا ہے کہ وہ اپنے اس مطالبے پر قائم ہیں کہ حکومت ان تینوں قوانین کو واپس لیا جائے۔

چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی میں عدالت عظمی کی تین رکنی بینچ نے کہا کہ وہ کسانوں کی تحریک کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر فکرمند ہیں۔

بینچ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین کا پینل حکومت اور کسانوں کے درمیان ثالثی کا کردار نہیں ادا کرے گا بلکہ مرکزی حکومت اور کسان تنظیموں سے بات چیت کے بعد کوئی حل نکالنے کی کوشش کرے گا۔ کسانوں کے درمیان مذاکرات کے اب تک آٹھ ادوار ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

تازہ ترین