شیرگڑھ (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات اور سلیکٹیڈ کپتان کی رخصتی تک ہماری تحریک جاری رہے گی، عمران خان حکومت چلانے کے قابل نہیں ، سیاسی نابالغوں نے ملک کو بدنام اور معاشی طور پر تباہی کے دہانے پہنچا دیا، بد ترین بے روز گاری اور مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، عوام حکومتی کارکردگی سے مایوس ہو چکے ، پی ٹی آئی اپنے دور حکومت میں عوام کو کوئی ریلف نہ دے سکی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ملاکنڈ کے موقع پر تخت بھائی کے مقام پر استقبال کیلئے آنے والے کارکنوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ جعلی وزیر اعظم نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ،مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام سے جینے کا حق ہی چھین لیا ہے ، عوام کی قوت خرید ہی ختم ہو چکی ہے ملک میں افر اتفری کی فضا ء ہے کوئٹہ میں بے گناہ کان کنوںکا قتل انتہائی بزدلانہ اقدام ہے لیکن اسکے باوجود بھی ہمارے حکمران خواب غفلت سے نہیں جاگتے اور صرف بیانات پر ملک چلا رہے ہیں، کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، غریب عوام غربت کی لکیر سے روز بروز نیچے جا رہے ہیں آٹا چینی دالیں بجلی گیس اور ادویات کی قیمتوں میں بے تخاشا اضافے نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔