• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جواد احمد اپنا گانا ’کسانا‘ بھارت میں مقبول ہونے پر خوش

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار جواد احمد اپنا نیا گانا ’کسانا‘ بھارت میں مقبول ہونے پر خوش ہوگئے۔

اس ضمن میں جواد احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے نئے گانے ’کسانا‘ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔

جواد احمد نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بھارت کے نامور اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھارت کے سب سے بڑے سمجھے جانے والے اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘  کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دنیا کے تمام کسانوں کی حمایت میں میرا گانا ’کسانا‘ بھارت میں وائرل ہو گیا ہے۔‘

گلوکار نے اپنے پیغام میں اُس خبر کا لنک بھی شیئر کیا جس میں اس اخبار نے اس بات کا ذکر کیا ہے۔

واضح رہے کہ  جواد احمد نے کسانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گانا بنایا ہے۔ دسمبر میں ریلیز ہونے والا ’کسانا‘ گانا بھارت میں بھی تیزی سے مقبول ہونے لگا ہے۔ بھارتی کسانوں کے احتجاج کی گونج پاکستان میں بھی سنائی دینے لگی ہے۔

جواد احمد نے اپنے پنجابی گانے میں کسانوں کو مخاطب کر کے کہا ہے کہ جس خوبصورت زمین پر وہ کاشتکاری کرتے ہیں اس پر ان کا حق ہے۔ وہی زمین کے رکھوالے ہیں لہٰذا انہیں سر اٹھا کر جینا چاہیے۔ 

گلوکار جواد احمد کے کسانوں کے حق میں کی جانے والی اسی بات کی وجہ سے یہ گانا سوشل میڈیا پروائرل ہو چکا ہے۔ جواد احمد نے ٹوئٹر پر گانا شیئر کرتے ہوئے پیغام میں تمام اعلیٰ حکومتی عہدےداروں کو مخاطب کیا۔

جواد احمد نے دبے الفاظ میں مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ آپ جو بھی اناج کھاتے ہیں سب کسانوں کی بدولت ہے۔ اگر کسان نہ ہوں تو آپ بھوکے مرجائیں۔ 

تازہ ترین