• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا سے بیدخل 8 پاکستانیوں کیلئے چارٹرڈ فلائٹ کی اجازت

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے)نے امریکا کی مختلف ریاستوں میں قید، بیدخل کیے جانے والے 8 پاکستانیوں کی واپسی کیلئے چارٹرڈ فلائٹ کو اجازت دیدی۔

سی اے اے کے مطابق چارٹرڈ فلائٹ 20 جنوری کو چیک ریپبلک کے راستے صوفیہ سے اسلام آباد پہنچے گی، فلائٹ کیلئے درخواست اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے نے کی تھی۔

وزارت خارجہ نے سی اے اے کو اجازت نامہ جاری کرنے کا حکم دیا تھا، پرواز کے عملے کو ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ چارٹرڈ طیارے اور عملے کو کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا لازمی ہوگا۔

سی اے اے نے کہا ہے کہ چارٹرڈ فلائٹ مسافروں کو اتارنے کے فوراً بعد واپس روانہ ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانی امریکا کی مختلف ریاستوں کی جیلوں میں قید تھے۔

تازہ ترین