• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوشکا اور ویرات کی بیٹی کی پرائیوسی کیلئے پاپا رازی فوٹوگرافرز سے اپیل

ممبئ (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کےکپتان ویرات کوہلی کے ہاں 2 روز قبل ہی بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس کے بعد سے بولی وڈ کی یہ مشہور جوڑی مسلسل خبروں میں ہے۔ 11جنوری کو ویرات کوہلی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خوشخبری سنائی تھی کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔اس موقع پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے تمام تر لوگوں سے یہ بھی کہا تھا کہ ہمیں امید ہےکہ آپ ہماری پرائیوسی کا خیال رکھیں گے۔اب ایک بار پھر دونوں نے پاپارازی فوٹوگرافرز سے اپیل کی ہےکہ وہ ان کی بیٹی کی تصویر لینے کی کوشش نہ کریں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ اس کی پرائیویسی متاثر ہو۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاپارازی فوٹوگرافرز کے نام اپنے پیغام میں دونوں نےکہا ہےکہ آپ لوگوں کی محبت کا شکریہ جو گزشتہ برسوں میں آپ لوگوں کی طرف سے رہی ہے، والدین کے طور پر ہماری آپ سے بس یہ درخواست ہے کہ ہم اپنی بچی کی پرائیویسی کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔دونوں کاکہنا ہے کہ ہم پوری کوشش کریں گے کہ اپنے حوالے سے وہ سب مواد آپ کو فراہم کریں جو آپ کو درکار ہے تاہم ہماری آپ سے درخواست ہے کہ ایسی کوئی چیز بھی نہ لیں جو کہ ہماری بچی سے متعلق ہو، ہمیں امید ہے کہ آپ لوگ ہماری بات سمجھ جائیں گے۔خیال رہےکہ بھتیجی کی پیدائش کے بعد ویرات کوہلی کے بھائی وکاس کوہلی نے انسٹاگرام پر کمبل میں لپٹی بچی کے پیروں کی تصویر شیئر کی تھی جس کے بعد سمجھا جارہا تھا کہ یہ ویرات اور انوشکا کی بیٹی ہے تاہم بعد ازاں وکاس کوہلی نے وضاحت کی یہ تصویر انوشکا اور ویرات کی بیٹی کی اصل تصویر کے بجائے ایک عام تصویر ہے۔

تازہ ترین