خون میں شوگر کی سطح نارمل رکھنے کے لیے متوازن غذا، مناسب اوقات میں غذا کا استعمال اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانا ضروری ہے، اس سے جسمانی توانائی برقرار رہتی ہے، میٹھا کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے اور ذیابیطس سمیت دیگر پیچیدگیوں کا خطرہ بھی کم ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق خون میں شوگر کو متوازن رکھنے کے لیے درج ذیل اقدامات مفید ہیں:
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانوں میں پروٹین، فائبر، ثابت اناج اور سبزیاں شامل کریں جبکہ میٹھی اشیا اور اضافی چینی سے پرہیز کریں۔
کم گلیسیمک والی غذائیں استعمال کریں تاکہ شوگر آہستہ آہستہ بڑھے۔
جاگنے کے 2 گھنٹے کے اندر ناشتہ کریں، سب سے پہلے سبزیاں، پھر پروٹین اور چکنائی جبکہ آخر میں کاربوہائیڈریٹس کھائیں۔
ہر 3 سے 4 گھنٹے بعد مناسب مقدار میں کھانا کھائیں اور ضرورت پڑنے پر پھل کے ساتھ بادام یا پنیر استعمال کریں۔
کھانے کے بعد 10 منٹ چہل قدمی کریں، ہفتے میں 3 بار ویٹ لفٹنگ یا مسل ٹریننگ (پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزشیں) کریں اور مجموعی طور پر ہفتے میں کم از کم 150 منٹ جسمانی سرگرمی اپنائیں۔
روزانہ 7 سے 9 گھنٹے معیاری نیند لیں، ذہنی دباؤ کم رکھیں، مناسب مقدار میں پانی پئیں اور خون میں شوگر کی سطح باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کے مریض اپنی غذا یا معمولات میں بڑی تبدیلی سے پہلے اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔