• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں بچوں کے جرائم اور سائبر کرائم بہت بڑھ گئے ہیں، طاہر شہباز

وفاقی محتسب طاہر شہباز کا کہنا ہے کہ ملک میں بچوں کے لیے کوئی علیحدہ محتسب نہیں ہے جبکہ بچوں کے جرائم اور سائبر کرائم بہت بڑھ گئے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی محتسب طاہر شہباز نے کہا کہ وفاقی محتسب ادارہ عام شہریوں کی باقی اداروں کے خلاف شکایات حل کرتا ہے، ہماری کوشش ہوتی ہے 60 دن میں شکایات حل کریں۔

وفاقی محتسب طاہر شہباز نے کہا کہ ڈاک کے ذریعے، موبائل ایپ اور علاقے کے آفس میں شکایت درج کرائی جاسکتی ہے، شہری بغیر فیس اور بغیر وکیل کے اپنی شکایات کا اندراج کراسکتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پچھلے سال کورونا وائرس کے باوجود  بھی ہمارے دفاتر ایس او پیز کے ساتھ مسلسل کھلے رہے ہی، پچھلے سال ہمیں ایک لاکھ 33 ہزار 521 شکایات موصول ہوئی تھیں جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار 112 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔

وفاقی محتسب نے کہا کہ شکایات کے ازالے کے لیے مربوط پروگرام شروع کیا گیا تھا، شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے اور فیصلہ ہوتا ہے، اگر کوئی فیصلے سے مطمئن نہ ہو تو نظرثانی کی درخواست دے سکتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جو نظرثانی سے بھی مطمئن نہ ہو تو وہ صدرمملکت سے اپیل کرسکتا ہے، اب تک 370 اپیلیں صدر مملکت کو گئی ہوئی ہیں، 370 اپیلوں میں صدر نے 300 سے زیادہ شکایات میں ہمارے ساتھ اتفاق کیا۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے پینشن ریفارمز پر کام کیا، سپریم کورٹ نے جیلوں کی اصلاحات کی ذمہ داری سونپی ہے، ہم ہر3 ماہ بعد رپورٹس پیش کرتے ہیں۔

وفاقی محتسب طاہر شہباز نے مزید کہا کہ اب تک سپریم کورٹ میں 8 رپورٹس پیش کرچکے ہیں جبکہ سوئی سدرن گیس کی شکایات اب 3 سے 4 گناہ بڑھ گئی ہے۔

تازہ ترین