راولپنڈی(وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) لاہورسے اپنی اہلیہ کے ہمراہ راولپنڈی آنے والے شخص کی لاش چھترسے مل گئی۔ بدھ کو لاہورکا رہائشی 34سالہ خواجہ اویس احمداپنی بیوی 24سالہ انعم بٹ کے ہمراہ راولپنڈی آیاجہاں انہوں نے راول ہوٹل فیض آبادکے کمرہ نمبر108میں قیام کیا۔ ہوٹل کے ریکارڈکے مطابق دن ڈیڑھ بجے دونوں ہوٹل میں آئے اوراگلے روزصبح ساڑھے پانچ بجے انہوں نے ہوٹل کا کمرہ خالی کردیا۔اسی دن انہوں نے ڈبل روڈپرواقع ایک فوڈسنٹرپر ون پوائنٹ کمرشل مارکیٹ کے حنیف احمد،تعظیم نامی لڑکی اورکفایت شاہ وغیرہ کے ہمراہ کھانا کھایا اوراس کے بعددونوں میاں بیوی پراسرارطورپرلاپتہ ہوگئے۔لڑکی کا بھائی خواجہ آفتاب ان کا پتہ کرنے راولپنڈی پہنچا۔ جہاں انہوں نے تھانہ نیوٹاؤن میں دونوں کی گمشدگی بارے اطلاع دی۔آفتاب کا کہناہے کہ اویس ان کا کزن بھی تھا ۔اسی دوران پولیس نے تعظیم نامی لڑکی کو پکڑاجس کی نشاندہی پرکفایت شاہ کو حراست میں لیاگیا جس کی نشاندہی پرانعم بٹ کو ایک ہوٹل سے بازیاب کرالیاگیااوربعدازاں کفایت شاہ نے پوچھ گچھ کے دوران انکشاف کیا کہ انعم کے شوہرکوقتل کرکے چھترمیں اس کی لاش پھینک دی گئی ،جس پر خواجہ اویس احمدکی ڈیڈباڈی بر آ مد کر لی گئی۔ڈی ایس پی راجہ طیفورکے مطابق لڑکے کوگلے میں پھندادے کرموت کے گھاٹ اتاراگیا۔ایس ایچ اونیوٹاؤن کے مطابق مقتول کی اہلیہ انعم ملزموں سے ملی ہوئی ہے اوراسی کی ایماپراویس کوقتل کیاگیا تاہم پولیس تفتیش کررہی ہے۔