وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بے سہارا اور کمزور لوگوں کی فلاح و بہبود ہمارا فرض ہے، کم وسائل یافتہ افراد کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر بیت المال و سوشل ویلفیئر یاور عباس نے ملاقات کی جس میں صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ کو محکمے کی کارکردگی اور جاری فلاحی منصوبوں سے آگاہ کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محروم طبقات کے مساوی حقوق، ضروریات کی ادائیگی اور معاشرے میں ان کی سربلندی کا وقت آ گیا ہے، ہم عوام کے حاکم نہیں، خدمت گار ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تیزاب سے متاثرہ افراد کا پہلی بار سرکاری خرچ پر مکمل علاج کرایا جا رہا ہے، متاثرہ افراد کے لئے ہنر مندی اور روزگار کے لیے بلاسود قرضوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا دائرہ کار مزید بڑھا رہے ہیں، سابق ادوار میں کمزور طبقوں کو جان بوجھ کر کمزور رکھا گیا، کسی حکومت نے محروم معیشت لوگوں کی فلاح پر توجہ نہیں دی۔