• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس ایچ او سمیت قتل کے تمام ملزم جرم ثابت نہ ہونے پر بری

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جاوید اقبال سپرا نے ایس ایچ او سمیت قتل کیس کے تمام ملزمان کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔ گوجر خان پولیس نے تیرہ اگست 2019کو مقدمہ درج کیا تھا جس میں درخواست گزار کا موقف تھا کہ ایس ایچ او گوجر خان سید حسنین شاہ چار گاڑیوں میں سوار ہوکر سات آٹھ ملازمین کے ہمراہ سادہ کپڑوں میں 27جولائی کو میرے گھر داخل ہوئے اور حراست میں لیکر چھوٹے بھائی محمد الیاس کے بارے میں پوچھا جو مندرہ میں ٹریکٹر چلایا کرتا تھا۔ بعدازاں پولیس نے مجھے ساتھ لیجاکر مندرہ سے الیاس کو حراست میں لیا اور مجھے چھوڑ دیا جس کے بعد ہمارا بھائی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ بارہ اگست کو مجھے سوشل میڈیا پر اطلاع ملی کہ گوجر خان پولیس کو ایکنعش ملی ہے جو میرے بھائی کی تھی، پولیس نے حسینین شاہ سمیت قیصر محمود اسلم، محمد الیاس، محمد جہانگیر، محمد علی، محمد شعیب، مختار حسین، ضمیر حسین، محمد حنان سفیر، فیضان ظہیر اور غلام اصغر کیخلاف قتل سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، تمام ملزم ضمانت پر تھے۔فریقین کے وکلاء کی بحث مکمل ہونے کے بعد گزشتہ روز عدالت نے ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ استغاثہ اپنے الزامات ثابت نہیں کر سکا ، شہادتوں کے مطابق الیاس کی موت پولیس حراست میں نہیں بلکہ طبعی تھی۔
تازہ ترین