جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے پی ٹی آئی حکومت اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو ناکام قرار دیدیا ہے۔
لودھراں میں پریس کانفرنس کے دوران لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت تسلیم کررہی ہے کہ اس کی تیاری اور ٹیم نہیں اور وہ ناکام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے بلند وبانگ دعووں کے ساتھ پی ڈی ایم تحریک کا آغاز کیا لیکن چند جلسوں کے بعد اب لگ رہا ہے کہ پی ڈی ایم نے بھی تحریک کی کوئی تیاری نہیں کی۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ ملک میں سیاسی آئینی اقتصادی، نظریاتی اور تہذیبی بحران خوفناک شکل اختیار کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے تمام اعلانات اور دعووں میں ناکام بھی ہیں اور نااہل بھی ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ معیشت کو سہارا دینے کے لئے حکومت کا کوئی ویژن اور لائحہ عمل نہیں ہے اور وہ وہ اپنی ناکامی کو تسلیم بھی کررہے ہیں۔