کراچی (آئی این پی،ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا ارادہ ظاہر کر تے ہوئے کہاہے کہ ہم حکومت کو قانونی طریقے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔
چاہے یہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہو یا عدلیہ کے ذریعے،حکومت کو ہٹانے کا یہی حتمی طریقہ ہے اور ہم اس پر پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے، پی ڈی ایم 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرکے یہ مطالبہ کرے گی کہ فارن فنڈنگ کیس کے نتائج جلد از جلد عوام کے سامنے لائے جائیں۔
ہفتہ کو یہا ں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو قانونی طریقے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی ناکامی برداشت سے باہر ہے، پاکستان کے عوام تاریخی مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان خطے میں واحد ملک ہے جس کا گروتھ ریٹ منفی میں ہے، پاکستان کا گروتھ ریٹ منفی میں جانا شرمناک بات ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بتائے کس پارٹی کو بھارتی اور اسرائیلی شہریوں نے فنڈز دیئے۔