• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر کوٹ: سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 52 پر ضمنی الیکشن آج

سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 52 عمر کوٹ پر ضمنی الیکشن پولنگ آج صبح 8 تا شام 5 بجے ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی سامان پہنچادیا گیا ہے۔

یہ نشست سابق صوبائی وزیر علی مردان شاہ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی، جس پر اب سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور پی پی امیدوار امیر علی شاہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔


ارباب غلام رحیم گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار ہیں اور انہیں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی حمایت بھی حاصل ہے۔

پی ایس 52 میں آج عام تعطیل ہوگی جبکہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے 4 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

پی ایس 52 کی کل آبادی 3 لاکھ 49 ہزار 773 ہے جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 54 ہزار 174 ہے۔

اس حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 83 ہزار 268 ہے جبکہ 128 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 40 حساس اور 50 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

تازہ ترین