کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئر مین سینیٹ آف پاکستان میاں رضا ربانی نے کہا کہ طلبہ اور مزدوریونین پر پابندی جمہوریت کے منافی ہے کیونکہ طالبعلم اور مزدور معاشرے میں برپاہونے والی تبدیلی کا ہر اول دستہ ہوتے ہیں۔پروسیکیوشن میں ناکامی کے باعث اگر دہشت گرد رہاہوجائیں تو اس کا الزام عدالتوں کودینا غلط ہے ،ملکی قوانین جتنے بھی سخت اور کڑے بنادیئے جائیں جب تک اشرافیہ کے لئے الگ قانون اور عام آدمی کے لئے الگ قانون ہوگا اس وقت تک ایک فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔آئین کے آرٹیکل 05 کے تحت قانون ہرشہری کے لئے برابرہوگا مگر اس شق پر عملدرآمد نہیں ہورہاہے ۔اشرافیہ اور بیوروکریسی کروڑوں روپے کے قرضے لینے کے باوجود ڈیفالٹرقرارنہیں دیئے جاتے بلکہ ان کے قرضے معاف تک کردیئے جاتے ہیں اور اگر ہم جیسا کوئی عام آدمی چند لاکھ روپے کا مقروض ہو تو فوراً اس کو ڈیفالٹر قراردے دیا جاتاہے۔