• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ٹیلنٹ کی دریافت میں اکیڈمیز کا کردار ہوتا ہے

شیراز آصف

کسی بھی کھیل کو پروان چڑھانے اور نئے ٹیلنٹ کی دریافت میں اسپورٹس اکیڈمیز نمایاں اور کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ دنیا بھرمیں گراس روٹ لیول سے ہی کھلاڑیوں کو اکیڈمیز میں جسمانی اور کھیل کے ٹیکنیکل امور سے متعلق تربیت دی جاتی ہے جس کے باعث نہ صرف کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہتر اورانٹرنیشنل ایونٹس میں ان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آتی ہے بلکہ ا کیڈمیز میں کوالیفائڈ کوچز کی تربیت سے مستقبل کے اسٹارز کھلاڑی بنانے میں بہت مدد ملتی ہے فٹبال دنیا میں سب سے زیادہ کھیلا اور دیکھے جانے والا اسپورٹس ہے دیکھا جائے تو پاکستان میں کرکٹ کے بعد فٹبال کے کھیل میں نوجوان جنون کی حد تک لگائورکھتے ہیں۔ 

ماضی میں فٹبال میں پاکستان سے کئی کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل اور قومی سطح پر اپنے کھیل سے ملک کا نام روشن کیا ہے موجودہ دور میں ہمارے ملک میں بچوں کو درسگاہوں میں کھیلوں کی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ ماضی میں جاوید میانداد، آصف اقبال، ظہیر عباس، اولمپئنز اصلاح الدین، حنیف خان، سمیع ُللہ، اقبال قاسم، جہانگیر خان اورجان شیر خان جیسے بڑے عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹارز ہمارے تعلیمی اداروں کی ہی دریافت تھے مگر آج تعلیمی اداروں میں گرائونڈز کی جگہ نئے بلاکس اور کیمپس نے لے لی ہے اور گراس روٹ لیول سے نئی کھلاڑیوں کی آمد تقریبا نہ ہونے کہ برابر ہے یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اگران کے گھراور درسگاہ سے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کاماحول بھی میسّرآئے گاتوان کی شخصیت میں ڈسپلن،برداشت اور اسپورٹسمین اسپرٹ کاجذبہ نمایاں ہوگا۔

ہمارے کھلاڑیوں میں شرح خواندگی کاتناسب کم ہے، کھیل میں مکمل مہارت حاصل ہونے کے باوجودمطلوبہ تعلیمی قابلیت یا انگریزی زبان میں مکمل دسترس حاصل نہ ہونے کے باعث ان کو ملازمتوںکے حصول میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتاہے بلکہ وہ انٹرنیشنل ٹریننگ اور کوچنگ کورسز میں شرکت سے بھی محروم رہتے ہیں ، تعلیمی اداروں میں نچلی سطح سے کھیلوں کے فروغ کی بات کی جائے تو فائونڈیشن پبلک اسکول سسٹم کے زیرانتظام فائونڈیشن یونائیٹڈ سوکر اکیڈمی گذشتہ 6 سالوں سے نئے ٹیلنٹ کی دریافت کیلئے مسلسل اپنا بھرپورکردار ادا کررہی ہے اس ضمن میں اکیڈمی کی ریگولر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہرسال سمر اور ونٹر کیمپس بھی لگائے جاتے ہیں۔

اکیڈمی میں زیرتربیت کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل سطح پر دبئی، ملائشیاء، ترکی اور سائپرس سمیت دیگر ممالک کے دوروں میں وہاں کے اسکولزاور اکیڈمیز کیخلاف فٹبال میچز میں اپنے تعلیمی اداروں کی نمائندگی کی ہے ، فائونڈیشن یونائیٹڈ سوکر اکیڈمی(فوسا) نے دسمبر تا جنوری گراس روٹ لیول سے انڈر-8-انڈر 12 انڈر14 کے 80 سے زائد بچوں کیلئے ونٹر فٹبال کیمپ کاانعقاد کیا جہاں کوالیفائڈ کوچز نے بچوں کو فٹبال کی بنیادی تیکنیک،اسکلز اور فٹنس لیول بہتر بنانے کی ٹریننگ فراہم کی، فاؤنڈیشن پبلک اسکول سسٹم کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ رحمن کمال منہاس نے کہا کہ فائونڈیشن یونائیٹڈ سوکراکیڈمی کھیلوں کے فروغ اور میدانوں کو آباد کرکے صحت مند انہ سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے ، جس سے آنے والے وقتوں میں پاکستان میں فٹبال کو کھلاڑیوں کی نئی کمک ملے گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین