• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے فارن فنڈنگ کی تفصیلات طلب

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی سے ڈونرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ ن لیگ کے احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے درجنوں خفیہ اکائونٹس پکڑے جاچکے۔

پیپلزپارٹی کے نیر بخاری نے کہا ہے کہ الیکشن سے انصاف پر مبنی فیصلہ چاہتے ہیں،جبکہ تحریک انصاف کے فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے 10 ملین ڈالر اسامہ سے لئے ،ن لیگ کی اکبر بابر پر کی گئی سرمایہ کاری ضائع جارہی ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی سے ڈونرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ 

ذرائع کے مطابق پی پی پی نے بتا یا کہ اسکروٹنی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں تفصیلات پیش کر دی جائینگی۔ تحریک انصاف کی جانب سے درخواست گزار فرخ حبیب پیش ہوئے۔ 

اسکروٹنی کمیٹی نے اپنے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کو مزید سوالات دے رہے ہیں ان کے جوابات کے بعد مزید کارروائی کرینگے پیپلزپارٹی کی طرف سے سردار لطیف کھوسہ پیش ہوئے۔

الیکشن کمیشن میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اُنکی پارٹی کی جانب سے فارن فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کروا دیا گیا ہے ، ن لیگ نے اپنے سب ڈونرز کی لسٹیں الیکشن کمیشن کو جمع کرائی ہیں۔ 

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کے درجنوں خفیہ اکاؤنٹس پکڑے جاچکے ہیں، اسٹیٹ بینک نے درجنوں بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی جو ظاہر نہیں کیے گئے۔تحریک انصاف نے غیرملکی فنڈنگ کی ذمے داری ایجنٹس پر ڈال دی ، اس نے اسکروٹنی کمیٹی میں غیر ملکی فنڈنگ تسلیم کی ، ہنڈی سے بھی رقوم منگوائیں۔

تازہ ترین