• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں بے روزگاری اور لاقانونیت کے باعث معاشرہ تقسیم کا شکار ہے، میاں اسلم

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) پاکستان مسلم لیگ (ن)ڈنگہ ضلع گجرات کے چیئرمین میاں محمد اسلم نے روز نامہ جنگ لندن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے ۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا اور قائد اعظم نے اسے ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانےکاخواب دیکھا تھا لیکن زندگی نے انہیں مہلت نہ دی مگر آج کے دور میں بے روز گاری، لاقانونیت اور انصافی کی وجہ سے معاشرہ تقسیم کا شکار ہے اور چند فیصد اشرافیہ ملک کے وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے اور احتساب کے نام پر سیاست دانوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں ۔نیب کالے قوانین کے تحت انہیں تحویل میں لے رہی ہے اور ایک لمبا عرصے بعد الزامات ثابت نہ کرنے کی وجہ سے چھوڑ دیتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان سب کا ہے کسی فرد واحد کا نہیں اس لیے ہمیں اپنے ملک کے اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کرنا ہے تاکہ ملک صحیح سمت میں چلے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے استحکام مضبوطی اور تعمیر وترقی کے لیے بیرون ممالک بسنے والے پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم ہے، اسکے لیے ہم سب کو متفقہ حکمت عملی اپنانا ہو گی تاکہ بابائے قوم کے خوابوں کو عملی جامہ پہنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیئےکسی ایک جماعت یا فرد کا نہیں، جس طرح میاں نواز شریف ملک سے باہر اور شہباز شریف اور دوسرے سیاسی زعماء کو جیل میں بند کردیا گیا ہے یہ جانبدرانہ احتساب کی بدترین مثال ہے ،دوسری جانب آج تحریک انصاف کی حکومت کو ڈھائی سال ہوگئے ایک اینٹ تک نہیں لگی اور وزیراعظم عمران خان صرف چور چور کی رٹ لگائے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے الزام لگاتے ہیں عدالتوں کو ثبوت نہیں دیتے عدالتوں کا وقت ضائع نہ کریں ،ملک قوم کے لیے کچھ کریں تاکہ پاکستانی عوام حکومت کے اچھے کاموں بارے بات کرے ۔
تازہ ترین