اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو فری ہینڈ دیا پھر بھی ناکام ہو گئی اور اس کی طاقت بے نقاب ہو گئی، تین ہزار بندے بھی جمع نہیں کر سکے‘اگر یہی احتجاج ہے تو اپوزیشن لانگ مارچ کا شوق بھی پوراکرلے ‘لانگ مارچ اپوزیشن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا‘آج اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا تھا ‘ قادیانیوں سے متعلق متنازع ترمیم مسلم لیگ (ن) نے پیش کی تھی جس کی میں نے مخالفت کی ‘ مولانا مدارس کے بچوں کو بندوق اٹھانے پر اکسا رہے ہیں‘ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ پہلے بھی ہاتھ ہوا اب بھی ہو گا‘ ‘ مریم نواز براڈ شیٹ کیس پڑھ لیں‘ان کا کیس بہت خراب ہے اور ان کے خلاف نیا پاناما کھلنے جا رہا ہے اور یہ اپنے لئے مزید مسائل پیدا کر رہے ہیں‘ اچکزئی نے آج جیسی تقریر کی ایسی تقریروں سے حالات ہمارے ہاتھ سے نکل جائیں گے‘ پھر اللہ تعالیٰ فضل الرحمن کے حال پر رحم کرے ۔منگل کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مدارس کے طلباءکو بھی سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے فضل الرحمن کا ساتھ نہیں دیا، مولانا چاہتے ہیں کہ مدارس کے طلباءبندوق اٹھا لیں حالانکہ جب مدارس کے طلباءنے بندوق اٹھائی ہوئی تھی تو مولانا صاحب اور ان کے وزیراعلیٰ مشرف کے ساتھ بیٹھا کرتے تھے‘ ان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے یہ اسی سلوک کے مستحق تھے۔