کراچی(سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے نجی ڈگری کالجز کے معیار تعلیم کو بہتر کرنے کیلئے انہیں رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد شیخ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔کمیٹی میں ڈاکٹر خالد عراقی، ڈاکٹر ثمرین حسین اور ڈائریکٹر کالجز پرائیویٹ شامل ہیں۔ چارٹر انسپکشن اینڈ ایوالیشن کمیٹی کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ میں 254؍ نجی ڈگری کالجز جن میں سے 116؍ نجی ڈگری کالجز کراچی میں ہیں جو بی اے، بی ایس سی، بی کام اور دیگر ڈگری پروگرام کراتے ہیں اور سرکاری جامعات سے الحاق شدہ ہیں تاہم صرف چند نجی ڈگری کالجز ہی محکمہ تعلیم کے پرائیویٹ ڈائریکٹریٹ آف کالجز سے الحاق شدہ ہیں جس کی بڑی وجہ پرائیوٹ ڈائریکٹریٹ کا غیر فعال ہونا اور کالجز کی رجسٹریشن میں غیر معمولی تاخیر کرنا ہے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ نجی ڈگری کالجز کی مانیٹرنگ اور ایوالیشن کیلئے فریم ورک تشکیل دیا جائے اور اس حوالے سے سفارشات مرتب کی جائیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ چیئرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر عاصم حسین سندھ میں اعلیٰ تعلیم کو بہتر بنانے میں کوشاں ہیں ایسی مقصد کیلئے ایسی مقصد کیلئے چارٹر انسپکشن اینڈ ایوالیشن کمیٹی کے تحت یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔