پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلٰی تعلیم کامران بنگش نے ُبدھ کے روز کو گورنمنٹ کالج پشاور کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد کورونا کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے دوران کورونا ایس او پیز کے نفاذ کو یقینی بنانا تھا۔ معاون خصوصی نے پرنسپل اور فیکلٹی کے ہمراہ کالج میں جاری کلاس رومز اور ہاسٹل کی عمارت کا بھی دورہ کیا اور کورونا ایس او پیز کے نفاذ کا جائزہ لیا۔ اپنے دورے کے موقع پر انہوں نے فیکلٹی کو ہدایات دیں کورونا ایس پیز کے تحت طلبا پر ماسک کا پہننا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی قرار دیں۔ معاون خصوصی نے فرسٹ ایئر میں داخلہ لینے والے طلبا کا استقبال کیا اور ان کلاس رومز میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں تبادلہ خیال بھی کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، طلبا ایس او پیز پر عمل پیرا ہوتے ہوئے معاشرے کے لئے مثال بنیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے طلبا کے مستقبل کو اہم گردانتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کی فعالی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں طلبا اورفیکلٹی پر ایس او پیز کی پیروی لازم و ملزوم ہے۔ کورونا کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں کافی متاثر ہوئیں لیکن اب ان کی فعالی ناگزیر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کورونا ایس او پیز کے نفاذ کے جائزہ لینے کے لئے اس طرح کے مزید اچانک دورے کرینگے تاکہ کورونا کے خلاف طلبا کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ معاون خصوصی نے مذکورہ کالج کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک تاریخی ادارے کی حیثیت سے گورنمنٹ کالج، اعلٰی تعلیم میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے طلبا کی تعلیمی و ذہنی نشونما سمیت غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے بھی طلبا کی توجہ اعلٰی تعلیم کی جانب مبذول کرائیں۔ گورنمنٹ کالج کی تاریخی ساکھ کو بحال کررہے ہیں۔انہوں نے کالج کے ہاسٹل کا معائنہ کیا اور طلبا ء کی رہائشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔