• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قتل کے الزام میں گرفتار ملازمہ پولیس موبائل سے فرار

کراچی میں قتل کے الزام میں گرفتار ملازمہ پولیس موبائل سے چھلانگ لگاکر فرار ہوگئی، لاکھوں روپے چوری کرنے کے الزام میں گھر میں کام کرنے والی 2 ملازمائیں گرفتار، جبکہ ڈالمیاسے بھتہ خور کو گرفتار کرلیاگیا۔

سچل پولیس کے مطابق سچل کے علاقے میں گھروں میں کام کاج کے دوران مالکن کو نشہ آور گولیاں کھلا کر قتل کرنے والی ماسی سمیت 3 ماسیوں کوملیر کورٹ سے ریمانڈ لینے کے بعد کورونا ٹیسٹ کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال سے واپسی پر جامع کلاتھ کے قریب شمیم رانی نامی ملزمہ موبائل سے چھلانگ لگاکر فرار ہوگئی، واقعہ کا مقدمہ آرام باغ تھانے میں سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔

درج کیے گئے مقدمے میں فرار ہونے والی ملزمہ سمیت تفتیشی افسر سب انسپکٹر سردار عمرانی،علی اکبر اورلیڈی پولیس اہلکار مریم کو بھی نامزد کیا گیا ہے،

پولیس کے مطابق گرفتار دیگر 2 ملازمائیں ڈیفنس میں توحید کمرشل میں گھر سے 20 لاکھ روپے چوری کرکے لے گئیں، گھر کے مالک نے رقم غائب دیکھی تو ملازمہ مہناز اور فرزانہ سے پوچھ گچھ کی تو دونوں نے بتایا کہ انہوں نے ساتھی ظفر کے ہمراہ چوری کی ہے۔

گھر کے مالک نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے 13 لاکھ روپے کی رقم برآمد کرلی لیکن باقی رقم ظفر لے کر فرار ہوگیا، تینوں ماسیوں کو گزری پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

دوسرے واقعہ میں ڈالمیا میں مانک اسکول کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد احمد علی مگسی گروپ کے بھتہ خور صفیان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے ، ملزم کے 3 ساتھی پہلے ہی گرفتار ہیں۔

پولیس کاکہنا ہے کہ زخمی بھتہ خور نے ساتھیوں کے ہمراہ 1 مہینہ قبل پرانی سبزی منڈی کے قریب بلڈر کو لاکھوں روپے کے بھتہ کی پرچی اور پستول کی گولیاں بھی بھیجی تھیں ، واقعہ کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آئی تھی۔

پی آئی بی کالونی سے 16 روز قبل لاپتہ ہونے والے 5 سالہ بچےمزمل شاہ 16 روز سے لاپتہ ہے، واقعہ کا مقدمہ پی آئی بی تھانے میں بچے کے والد نبی شاہ کی مدعیت میں درج ہے، پولیس نے متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی ہے لیکن ابھی تک بچے کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔

تازہ ترین