پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری کا کہنا ہے کہ عمران خان جانتے ہیں استعفیٰ اور ذلت چار قدم پر ہے، عمران خان خود فیصلہ کریں ذلت یا پھر استعفیٰ دینا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان تنگ گلی میں ہیں، آگے کنواں پیچھے کھائی ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ ڈھائی برس کا ہر معاشی ڈاکہ عمران خان کی ذات سے منسوب ہے، جلد شوگر مافیا بھی رنگ بدلے گی اور 40 چوروں کے نام کھل کر سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بکرے کی ماں اور سلائی مشین دونوں کا احتساب ہوگا، میٹرو پشاور پر کرپشن کرنے والے اے ٹی ایم پر نیب کب لب کشائی کرے گا۔
شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی دور کی کرپشن اور نیب کی خاموشی معنی خیز ہے، مالم جبہ اسکینڈل ہو یا ہیلی کاپٹر کیس نیب کے کان پر جوں نہیں رینگی۔
اُن کا مزید کہناہے کہ وقت آگیا عمران اور ان کے حواریوں کا احتساب عوام خود کریں۔