پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ شوگر اسکینڈل میں جہانگیر ترین کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ اتنی نااہل حکومت ثابت ہوگی، وفاقی کابینہ کے اجلاسوں میں جو ڈرامے بازی ہوتی ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی تاریخ کا سب سے مہنگا پروجیکٹ بی آر ٹی منصوبہ ہے، پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ وزیر ہوا بازی کے ہوائی بیانات نے دنیا میں پاکستان کا تماشہ بنایا، ملائیشیا میں مسافروں سمیت طیارہ قبضے میں لے لیاگیا، موجودہ حکومت دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی کا سبب بنی ہوئی ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ انہوں نے مافیاز کے ساتھ مل کر ملک کو لوٹا ہے، پی ڈی ایم صرف اپوزیشن جماعتوں کی نہیں بلکہ عوام کی بھی تحریک ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ یہ جھوٹی اور فراڈ حکومت ہے،ملک میں اب گیس کا بحران ہے،کراچی سمیت سندھ بھرمیں گیس کی قلت ہے، حکومت کوپارلیمنٹ پر اعتبار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا ملک کو آرڈیننس فیکٹری بنادیا گیا ہے، بلاول بھٹو آج سکھر جا رہے ہیں وہاں مزدوروں میں فلیٹس تقسیم کریں گے۔