• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولی کھانے کے صحت پر حیرت انگیز فوائد

موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی مولی بھی مارکیٹ میں با آسانی دستیاب ہوتی ہے، بطور سلاد استعمال کی جانے والی مولی کے صحت پر بے شمار فوائد مرتب ہوتے ہیں جن سے اکثر افراد نا واقف نظر آ تے ہیں اور اس مفید سبزی کا استعمال نظر انداز کر دیتے ہیں۔

مولی کا استعمال زیادہ تر ایشائی ممالک میں کیا جاتا ہے، غذائی ماہرین کے مطابق مولی کے 100 گرام میں 18 کیلوریز، 6 فیصد ڈائیٹری فائبر، 2 فیصد کیلشیم، 36 فیصد وٹامنز سی اور 4 فیصد میگنیشیم پایا جاتا ہے جبکہ مولی کا استعمال نظام ہاضمہ کے لیے بہترین قرار دیا جاتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق مولی میں فاسفورس، کیلشیم اور وٹامن سی کے ساتھ فولاد کی بھی بھاری مقدار پائی جاتی ہے اور اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق مولی ایک موسمی سبزی ہے جس کا استعمال لازمی کرنا چاہیے اور اس سے صحت پر آنے والے اثرات سے فائدہ اُٹھانا چاہیے۔

مولی کے استعمال سے صحت پر حاصل ہونے والے فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

پتھری کے مریضوں کے لیے مولی ایک مفید سبزی ہے، بطور سلاد اسے کھانے سے پتھری کے مرض میں مبتلا افراد کو افاقہ ہوتا ہے، اس کے روزانہ استعمال سے پتھری گھل کر ریزہ ریزہ ہوجاتی ہے اور جسم سے خارج ہو جاتی ہے۔

مولی کا استعمال لیکوریا کے مریضوں کے لیے  نہایت کارآمد ثابت ہوتا ہے، لیکوریا کے مریضون کو روزانہ کی بنیاد پر مولی کا رس پینا چاہیے۔

مولی کے پتوں کا رس نکال کر اس میں چینی ملا کر  یرقان کے مریض کو پلانے سے بہت جلد یرقان کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔

جگر اور تِلی کی شکایات سے پریشان افراد کے لیے مولی کا استعمال ایک بہترین ذریعہ ہے جبکہ کمزور مثانے والے افراد بھی اس کا استعمال کریں تو اُنہیں دنوں میں افاقہ ہوتا ہے اور مثانے کی کمزوری دور ہو جاتی ہے۔

مولی پیٹ کی بیماریوں کے لیے ایک بہترین سبزی ہے، قبض کی شکایت دور کرنے کے لیے اسے 3 وقت بطور سلاد کھائیں، اس کے استعمال سے آنتوں کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے اور نظام ہاضمہ درست ہوتا ہے۔

مولی میں پوٹاشیم کی بھر پور مقدار پائی جاتی ہے، اس کا استعمال خون میں پوٹاشیم اور سوڈیم کی مقدار کو کنٹرول کرتا ہے اور بلڈ پریشر کو متوازن رکھتا ہے۔

باقاعدہ مولی کھانے سے وزن میں کمی واقع ہوتی ہے، موٹاپے سے پریشان افراد وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو مولی کے رس میں لیموں اور نمک پلا کر پیئیں، اس سے آپ کے وزن میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔

مولی میں فولک ایسیڈ، وٹامن سی پایا جاتا ہے جو جسم میں کینسر کے خلاف قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے جس کی وجہ سے انسان کینسر جیسے موذی مرض سے محفوظ رہتا ہے۔

کسی بھی کیڑے کے کاٹنے سے ہونے والی سوجن اور درد سے نجات کے لیے مولی کا استعمال مفید ہے، جسم کے کسی بھی حصہ میں کوئی کیڑا کاٹ لے تو مولی کا رس لگانے سے کافی آرام ملتا ہے۔

ایسے لوگ جو دمہ یا سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوں انہیں چاہیے کہ باقاعدگی سے مولی کھائیں، مولی میں موجود اجزا کی بدولت سینے کی جکڑن کم ہوتی ہے اور سانس لینے میں آسانی ہوتی ہے۔

تازہ ترین