• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا پیر بھائی ہیں، دعوت دیتے تو ریلی میں شریک ہوتا: شیخ رشید


وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمٰن میرے پیر بھائی ہیں، دعوت دیتے تو اسرائیل مردہ باد ریلی میں ضرور شریک ہوتا اس سےخطاب بھی کرتا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس اہمیت اختیار کر جائے گا اور پاناما 2 بن جائے گا۔

وزیرِداخلہ نے کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ مریم نواز فارن فنڈنگ کیس پڑھ لیں، مریم صاحبہ کے لیے مشکل وقت ہے، مزید املاک سامنے آئیں گی، اگر اپوزیشن تعاون کرے گی تو ہم بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے پہلے بھی ہاتھ ہوا، اب بھی ہو گا، وہ سب سے زیادہ خسارے میں رہنے والی سیاسی شخصیت ہوں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں اپنی ذمے داریوں میں کسی کو مداخلت نہیں کرنے دوں گا، بطور وزیرِ داخلہ میں اپنی ذمے داریاں پوری کروں گا۔


ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم میری بھائی تنظیم ہے، اس سے ہمیشہ اچھا تعلق رہا ہے، ہم نے نادرا کو لوگوں کے معیار کے مطابق بنانا ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ صرف پاکستانی کو ہی ملے گا، اپوزیشن اگر اسی طرح تعاون کرے گی تو لانگ مارچ کی بھی اجازت دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں اپنے سے بڑا کام نہیں کرتا، نیب میرے ماتحت نہیں، کراچی کو سیف سٹی بنانے جا رہے ہیں، رینجرز پورے شہر میں کیمرے لگانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی کا کام نہیں کرتا، اپنی وزارت میں مداخلت نہیں کرنے دیتا، نیب جانے اور مرادعلی شاہ جانیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ کراچی میں رینجرز تاریخی کام کر رہی ہے، پاک فوج کی طرح رینجرز کی بھی کراچی میں داستان ہے، رینجرز نے کراچی میں امن کو یقینی بنایا۔



انہوں نے بتایا کہ نادرا کے مزید 3 دفتر کھولنے جا رہے ہیں، 1 لاکھ شناختی کارڈ لوگوں کو روز جا ری ہوں گے، تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں نادرا دفتر کھولنے کا اعلان کرتا ہوں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ لوگوں کی شکایات کو پورا کریں، سندھ میں 62 نادرا سینٹرز ہیں، 16 موبائل وین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس اہمیت اختیار کر جائے گا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی وزیرِ داخلہ نے رسک لیا ہے، ریڈ زون کو ہم نے فری کیا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمدنے مزید کہا کہ کل کوسٹ گارڈ کا بھی معائنہ کروں گا، ہم پاسپورٹ کو اسمارٹ پاسپورٹ بنانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں بلاول سے خوش ہوں، کراچی، لاہور، اسلام آباد جلتا ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو بھی شامل ہونا چاہیئے۔

تازہ ترین