وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمٰن کو پچھلی دفعہ بھی سیاستدانوں نے دھوکا دیا، اس بار بھی مولانا کو دھوکا دیا جارہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج نے مایوس کیا ہے، ہم نے زیادہ انتظام کیا تھا ان کے بندے کم آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی، وہ مطمئن تھے، وزیرِ اعظم نےواضح کہا ہے کہ یہ کوئی مسئلہ پیدا کریں تو ان کے لیے تاریخی مسئلہ پیدا کریں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اگر یہی صورتِ حال رہی تو لانگ مارچ کو بھی خوش آمدید کہیں گے، جس اسمبلی پر فضل الرحمٰن لعنت بھیجتے ہیں اس پر بلاول آج جشن منا رہا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2 پارٹیاں رہ گئی ہیں،نون لیگ اور مولانا فضل الرحمٰن کی جے یو آئی، نون لیگ والے سمجھ دار بزنس مین ہیں۔