• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورنگی، چھوٹی گاڑیوں کی واٹر فلنگ کا غیرقانونی ڈپو پکڑا گیا

سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر کراچی واٹر بورڈ کے اینٹی تھیفٹ سیل نے کورنگی انڈسٹریل ایریا کی بلال کالونی میں کارروائی کرکے چھوٹی گاڑیوں کی واٹر فلنگ کا ڈپو مسمار کردیا جبکہ دو کنکشن بھی منقطع کردیئے۔

ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق واٹر بورڈ کی مرکزی سپلائی لائن سے مسجد کے نام پر لی گئی پانی کی لائن سے وہاں رکھے ہوئے ہزاروں گیلن پانی کے  ٹینکس بھر لیے جاتے تھے۔

واٹر مافیا نے ٹینکس کی بھرائی واٹر ٹینکرز سے کرنے کا ڈھونگ رچا رکھا تھا۔ 

ترجمان کے مطابق درحقیقت دینی خدمت کی آڑ میں مرکزی لائن سے 3 انچ کا کنکشن پکڑا گیا ہے جبکہ ایک اور کنکشن منقطع کیا گیا ہے۔ 

واٹر ٹینکس میں جمع کیا گیا پانی سوزوکیوں یا چھوٹی گاڑیوں کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا تھا جو کہ چھوٹی گاڑیوں میں گھروں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ 

واٹر بورڈ کے اینٹی واٹر تھیفٹ سیل کے انچارج راشد صدیقی کی نگرانی میں کی گئی کارروائی میں سامان بھی ضبط کیا گیا ہے جبکہ دو کنکشن منقطع کردیئے گئے ہیں۔

کارروائی کے دوران موٹر روم مسمار کردیا گیا ہے، سیل انچارج راشد صدیقی کے مطابق پانی کی اس چوری میں نورا، سہیل اور سیاسی کارکن رحمٰن ملوث ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کی تیاری کی جارہی ہے۔

تازہ ترین