• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی پروفائل کوچز ناکافی؟ جنوبی افریقا کو ہرانے کی پلاننگ میں یوسف، ثقلین بھی شامل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دینے کے لئے خصوصی پلان میں محمد یوسف اور ثقلین مشتاق بھی شامل ہوگئے ہیں۔ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لئے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے جبکہ مہمان ٹیم نے کراچی جیم خانہ میں انٹرا اسکواڈ میچ میں شرکت کی۔ بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ساتھوقار یونس اور یونس خان کوچنگ اسٹاف میں شامل تھے۔

جنوبی افریقا کو زیر کرنے کے پلان میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماضی کے دو عظیم کھلاڑیوں محمد یوسف اور ثقلین مشتاق کی بھی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

بظاہر دونوں کرکٹر ز ہائی پرفارمنس سینٹر کی جانب سے پاکستان کپ کے لئے کراچی آئے تھے لیکن جمعرات کو دونوں نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں موجود رہے۔

یونس خان کی موجودگی میں محمد یوسف بیٹسمینوں کے ساتھ مصروف رہے جبکہ ثقلین مشتاق ، بولنگ کوچ وقار یونس کی موجودگی میں اسپنرز کے ساتھ کام کرتے رہے ۔

محمد یوسف اور مصباح الحق نے بیٹسمینوں کو لمبی اننگز کھیلنے کی ٹپس دیئے دوسری طرف ثقلین مشتاق سے اسپنرز ساجد خان، محمد نواز، نعمان علی اور یاسر شاہ گیندگھمانے کا گر سکھتے رہے۔

اس سے قبل وقار یونس، یونس خان اور مصباح الحق نے وکٹ کا معائنہ بھی کیا۔ پاکستان کی بیس رکنی ٹیم نے چارگھنٹے سے زائد بھرپور مشقیں کیں ، بیٹنگ ،بولنگ اور فیلڈنگ بھی حصہ لیا۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ یوسف اور ثقلین مشتاق کی موجودگی سے مصباح الحق کی اتھارٹی چیلنج نہیں ہوگی چوں کہ دونوں فارغ تھے اس لئے ان کی خدمات لی گئیں ہیں۔ جمعے کو دونوں پاکستان کپ میں گرانٹ بریڈ برن کو جوائن کرینگے۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پاکستان میں آخری سیریز 2007 میں منعقد ہوئی تھی، جو مہمان سائیڈ نے 0-1 سے جیتی تھی۔

دو میچوں پر مشتمل اس سیریز کا پہلا میچ بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا گیا تھا، جہاں مہمان ٹیم نے 160 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

سابق کپتان محمد یوسف نےجنوبی افریقاکے خلاف 7 میچوں میں 357 رنز بنائے ہیں۔ ان کاکہنا ہےکہ جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد ایک سنگ میل ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ یقین ہےکہ یہ سیریز نئی نسل کے لیے یادگار رہے گی۔

تازہ ترین