• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرانسپورٹ فار لندن کا ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن

لندن (سعید نیازی) لندن میں انفیکشن کی شرح بلند ترین ہونے کے باوجود بعض افراد کی طرف سے پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف ٹرانسپورٹ فار لندن نےکریک ڈائون کا آغاز کردیا ہے، واضح رہے کہ شہر میں وائرس کو پھیلنے سے روکنےکیلئے گزشتہ برس جون میں پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا تھا اور خلاف ورزی کرنے پر جرمانے شروع کیے گئے تھے۔ ٹی ایف ایل نے ٹرانسپورٹ پر500انفورسٹمنٹ آفیسرز تعینات کیے ہیں، یہ ٹرانسپورٹ پولیس کے ان افسران کے علاوہ ہیں جو ٹرینوں میں گشت کرتے ہیں۔ انفورسٹمنٹ آفیسرز بس اسٹاپ پر کھڑے ہوں گے اور کسی بھی ایسے شخص کو بس میں سوار نہیں ہونے دیں گے جس نے ماسک نہ پہن رکھا ہو، اس وقت پہلی خلاف ورزی پر جرمانہ200پائونڈ ہے جوکہ بار، بار خلاف ورزی کرنے پر بڑھ کر6ہزار 400پائونڈ تک ہوسکتا ہے۔ ٹی ایف ایل کے مطابق اب تک ماسک نہ پہننے پر9ہزار300افراد کو پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار ہونے سے روکا جاچکا ہے۔ 2ہزار ایک سو کو اتارا گیا اور17سو افراد کو جرمانے عائد کیے جاچکے ہیں۔ ٹی ایف ایل کے کمشنر اینڈی بیفورڈ نے کہا ہے کہ مسافروں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اب کوئی شخص یہ نہیں کہہ سکتا کہ اسے قواعد کا علم نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ ٹی ایف ایل کے اتنے انفورسٹمنٹ افسران نہیں جوکہ ہر سروس پر نظر رکھ سکیں، انہوں نے کہا کہ بس ڈرائیورز نے بتایا ہے کہ جب وہ مسافروں کو ماسک کے بغیر سوار ہونے سے روکتے ہیں تو انہیں نامناسب رویہ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ڈرائیورز نے جن علاقوں میں مسائل کی نشاندہی کی ہے انفورسٹمنٹ افسران وہاں تعینات ہوں گے، ان مقامات میں وکٹوریہ بس اسٹاپس، وکٹوریہ اور اسٹریٹفورڈ کے اسٹیشنز شامل ہیں۔

تازہ ترین