کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سب سے زیادہ خسارے میں رہنے والی سیاسی شخصیت ہوگی،شریف خاندان کی مزید جائیدادیں نکل رہی ہیں۔
مولانا کو ایک خبر دینا چاہتا ہوں کہ ان سب کے معاملات آپ کے کھاتے میں پڑنے جارہے ہیں، آپ نقصان میں رہیں گے ، یہ بڑے سمجھدار لوگ ہیں ، پہلے بھی آپ سے ہاتھ ہوا اور اب بھی آپ سے ہاتھ ہوگا۔
مولانا فضل الرحمٰن میرے پیر بھائی ہیں، دعوت دیتے تو اسرائیل مردہ باد ریلی میں ضرور شریک ہوتا اس سے خطاب بھی کرتا،کراچی میں نادراکے مزید 3؍ سینٹرز 24؍ گھنٹے کھلے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جمعرات کو ڈی ایچ اے نادرا میگا سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
قبل ازیں قبل ازیں انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی، ملاقات میں صوبہ اور با لخصوص شہر کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخ رشید نے کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔
جمعرات کو کراچی میں نادرا میگا سینٹر کے دورے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس اہمیت اختیار کر جائے گا اور پاناماٹو بنے گا اور میں مریم صاحبہ کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اسے پڑھ لیں یا کسی سے پڑھوا لیں کیونکہ ان کی ان کی مزید بہت ساری جائیدادیں نکلنے جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جہاں تک الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی بات ہے کہ تو پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی وزیر داخلہ نے رسک لیتے ہوئے ریڈ زون کو فری کیا، اپوزیشن نے بھی تعاون کرتے ہوئے وقت پر ختم کی اور ہماری طرف سے بھی تعاون کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن اسی قسم کا تعاون لانگ مارچ میں کرے گی تو ہماری طرف سے بھی اسی طرح کا تعاون کیا جائے گا۔جہانگیر ترین سے متعلق چینی انکوائری کمیشن عوام کے سامنے لانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ابھی اس میں کچھ دن لگیں گے، ریلوے آسان محکمہ تھا، یہاں کافی سارے ادارے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن میرے پیر بھائی ہیں، ویسے ہی مشتعل ہوئے ہیں، وہ سب سے زیادہ خسارے میں رہنے والی سیاسی شخصیت ہو گی، دینی شخصیت کی حیثیت سے میں ساری زندگی ان کا احترام کروں گا۔
انہوں نے کہاکہ میں نے پی ٹی آئی کے جلسے میں بھی مولانا فضل الرحمن کا نام احترام سے لیا چاہے وہ میرے بارے میں کچھ بھی بولتے رہیں، ان سے احترام کا رشتہ رہے گا لیکن ایک خبر ان کو ضرور دینا چاہتا ہوں کہ ان کے سارے معاملات فضل الرحمن صاحب آپ کے کھاتے میں پڑنے جا رہے ہیں، آپ نقصان میں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بڑے سمجھدار لوگ ہیں، پہلے بھی آپ کے ساتھ ہاتھ ہوا، اب بھی آپ سے ہاتھ ہو گا، اسرائیل کی آپ ریلی کرنے جا رہے ہیں لیکن کیا اس ملک میں کسی جرات ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرے۔
انہوں نے کہاکہ ختم نبوت کا سب سے بڑا سپاہی اگر وزیر داخلہ تو کیا کوئی اس ملک میں کوئی آدمی ختم نبوت کے خلاف قانون بنا سکتا ہے؟، میں چیلنج کرتا ہوں کہ ختم نبوت کے خلاف جو قانون بنا رہا تھا وہ مسلم لیگ(ن)لا رہی تھی اور قومی اسمبلی میں فضل الرحمن کی جماعت نے اس کے حق میں ووٹ دیئے لیکن میں نے اس کو روکا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ بے شک 10 اسرائیلی ریلیاں کریں، اگر فضل الرحمن نے دعوت دی ہوتی تو میں بھی اسرائیلی ریلی میں شریک ہوتا۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم ہماری بھائی تنظیم ہے، ہمارے ان کے ساتھ اچھے تعلقات ہے، پی ڈی ایم والے الیکشن کمیشن کے سامنے شام غریباں منارہے تھے، بلاول بھٹو عمرکوٹ میں جشن منارہے تھے۔
بلاول سے کراچی اور لاہور جلتا ہے، لیکن میں بلاول سے خوش ہوں، بلاول کہاں کہاں سے لوگ لے کر آئے جب بھی بندے پورے نہیں ہوئے،انہوں نے کہاکہ عمران خان نے مجھے وزارت داخلہ کی ذمے داریاں سونپی ہیں ، وہ میں کروں گا، میرے معاملات میں مداخلت کوئی نہیں کرے گا، کراچی کو سیف سٹی بنانے جارہے ہیں۔
رینجرز ہیڈ کوارٹر میں بات کی ہے کہ پورے کراچی میں کیمرے لگائے جائیں۔ سندھ حکومت کیمرے لگوانے میں تعاون کریں تاکہ کراچی سے سیکیورٹی رسک ختم ہو۔انہوں نے کہاکہ ، نیب میری زیر نگرانی نہیں ہے لہذا نیب جانے اور مراد علی شاہ جانیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔ رینجرز حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور رینجرز کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔
کراچی کے امن کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، دہشت گردی ، جرائم کے سدباب اور امن کی بحالی کے لیے رینجرز کا کردار اہم ہے۔
قبل ازیں انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی، ملاقات میں صوبہ اور با لخصوص شہر کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔