کراچی( نصر اقبال / اسٹاف رپورٹر) بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کا کردگی کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا ہے، اسلام آباد میں اپنے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ایچ ایف کی مالی مشکلات کو دور کرنے کے لئے سات کروڑ روپے دیے مگر اب تک کھلاڑیوں کے بقایا جات بھی ادا نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے قومی کھلاڑی پریشانی کا شکار ہیں، فیڈریشن کے حکام تاحال اپنا کوئی پروگرام پیش نہیں کر سکے ہیں۔ان کی ڈیمانڈ صرف اور صرف پیسہ ہے،ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے ہم اس میں اچھے نتائج کے لئے ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں مگر نتیجہ صفر ہے۔فنڈزدیئے ہے احتساب کیا جائےگا۔ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شر کت کے لئے قومی ٹیم کی روانگی سے قبل ہیڈ کوچ کے سلیکٹر کے ساتھ اختلافات کی خبریں سامنے آ نے بھی ٹیم کی تیاری اور کار کردگی متاثر ہوئی۔ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی کے لئے ایک مر بوط اسپورٹس پالیسی کی ضرورت ہے ، کوئی بھی فیڈریشن نچلی سطح سے اپنے گیمز کو ترقی دینے اور اس میں نئے کھلاڑیوں کی تلاش کے لئے کوئی کام نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آ رہا ہے ، جب تک نئے کھلاڑی سامنے نہیں آ ئیں گے ہم کسی بھی کھیل میں آگے کی جانب اپنے سفر کو بہتر انداز میں جاری نہیں رکھ سکیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فیڈریشنوں کو اپنے مالی مسائل کو دور کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی اداروں سے بھی رابطہ کرنا چاہئے مگر ان کے پاس مار کیٹنگ کے حوالے سے کوئی شعبہ نہیں ہے ۔