• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اغوا برائے تاوان کے دو ملزموں کو عمر قید، جائیداد ضبط

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج شوکت کمال ڈار نے اغواء برائے تاوان کے الزام میں ملوث دونوں ملزمان کو عمر قید اور تمام منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔ راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کی پولیس نے گزشتہ سال 27فروری کو حسین بادشاہ اور اس کے کزن اصل بادشاہ کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق اصل بادشاہ نے کزن کی مدد سے کینیڈا سے آئے اپنے سالے امین اسکر کو اغواء کر کے سات کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تاہم بعدازاں دو جولائی 2018کو پچاس لاکھ روپے لیکر مغوی کو رہا کرتے ہوئے دھمکی دی کہ پولیس سمیت کسی سے ذکر کیا تو مار دیئے جائو گے جس کے بعد مغوی فوری طور پر اہل خانہ کے ہمراہ کینیڈا لوٹ گیا، لیکن 2020میں واپس آنے پر ملزمان نے پھر سے امین اسکر کو بلیک میل کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمہیں ملزمان سے چھڑوانے کیلئے 80لاکھ روپے تاوان ادا کیا تھا لہذا ہمیں تیس لاکھ روپے مزید دو، اسی دوران مغوی کو معلوم ہوگیا کہ یہی اصل ملزم ہیں اور انہوں نے ہی مجھے اغواء کر کے تاوان کی رقم وصول کی تھی جس پر مغوی نے ان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا ۔جرم ثابت ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے دونوں کو سزا سنا دی۔
تازہ ترین