اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہےکہ پاکستان 1972 کی طرح چین اور امریکہ کے درمیان مصالحت کا کردار ادا کرنے کو تیار، نومنتخب امریکی قیادت سے قریبی روابط استوار کرنے کا خواہاں ہے،امریکہ کو سی پیک میں آکر مسابقت اور اس میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے ۔غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کی نومنتخب جوبائیڈن انتظامیہ کے ساتھ تعلقات میں خاطرخواہ اضافے کیلئے پرامید ہے، امریکہ کو چین کیساتھ پاکستان کی قربت کو معاشی وسیاسی حریف کی نظر سے نہیں دیکھنا چاہئے ۔وزیر خارجہ نے کہا افغان امن عمل کے حوالے سے نئی امریکی قیادت کیساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ افغانستان میں جو موقع میسرآیا ہے، اسے محفوظ بنانا چاہئے۔ نومنتخب امریکی انتظامیہ کو افغانستان میں جاری عمل مزید آگے لے کر جانا چاہئے۔