• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ختم نبوت قانون، کشمیر اور اسرائیل پر موقف میں تبدیلی نہیں ہو گی، شیخ رشید

کراچی ، اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ/ نیوز ایجنسیاں) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ براڈشیٹ پاناما پلس اور پاناما ٹو ثابت ہو گا اور براڈ شیٹ سے جو نکلنے جا رہا ہے وہ اگلے الیکشن میں ان کو لپیٹ میں لے گا، براڈ شیٹ کمیٹی کا چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت کو نہ لگائیں تو کیا قیوم ملک کو لگائیں، شیخ عظمت سعید نے والیم ٹین پڑھ رکھا ہے،پہلے بھی کہا تھا یہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے، استعفے دیئے گئے نہ ہی سینیٹ انتخابات سے باہر ہو رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج میں جو حشر ان کا ہوا دیکھنے کے قابل تھا، جو مرضی کرلیں آپ کو اقتدار نہیں ملے گا۔۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ ختم نبوت کے خلاف ترمیم مسلم لیگ ( ن ) لائی تھی اور مولانا فضل الرحمٰن کی پارٹی نے قومی اسمبلی میں اس کو ووٹ دیا اور انہوں نے 72 گھنٹے میں ترمیم واپس لی۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان نے جس طرح اقوام متحدہ میں کشمیر کا کیس لڑا ہے، جس طرح وہ کشمیر میں بار بار ظلم و ستم کا ذکر کرتے ہیں، مودی کو ہٹلر اور آر ایس ایس کے ساتھ دہشت گردی کا نام عمران خان نے متعارف کرایا ہے، قومی کو غلط کیوں بتا رہے ہیں جو خدمات عمران خان نے کشمیر کے مقصد کے لیے دی ہیں، اس کا 100 واں حصہ بھی مولانا فضل الرحمٰن نے نہیں کیا، دو یا تین مرتبہ یہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ میں کہتا تھا کہ یہ الیکشن میں حصہ لیں گے تو سارے میرا شام کے تبصروں میں مذاق اڑاتے تھے، یہ جلوس نکال رہے تھے اور بلاول عمر کوٹ میں جشن منا رہے تھے، ان کی شام غریباں تھی اور ادھر جشن تھا میں نے کہا تھا کہ یہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے، استعفیٰ نہیں دیں گے، اگر انہوں نے ریلی قانون اور آئین کے مطابق نکالی تو ہم کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے جیسے ہم نے الیکشن کمیشن کے باہر کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے جو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا حشر ہوا ہے، لانگ مارچ میں بھی وہی ہو گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ براڈشیٹ آئندہ الیکشن میں پاناما ٹو ہو گا، براڈشیٹ سے جو کچھ نکلنے جا رہا ہے وہ اگلے الیکشن میں ان کو لپیٹ میں لے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن بلاوجہ بپھرے ہوئے ہیں اور وہ سمجھ رہے ہیں کہ ن لیگ کے ساتھ مل کر ان کا کوئی سیاسی رول بن جائے گا جو مرضی کرلیں آپ کا دور اقتدار نہیں آئے گا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز بولنے سے پہلے پڑھ لیا کریں، براڈ شیٹ کمیٹی کا چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت کو نہ لگائیں تو کیا قیوم ملک کو لگائیں، شیخ عظمت سعید نے والیم ٹین پڑھ رکھا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ختم نبوت پر ( ن ) لیگ ترمیم لائی، فضل الرحمان نے حمایت کی، گولڈن ٹیمپل کا دورہ کرنیوالے کیسے مزار قائد پر بول سکتے ہیں، عمران خان نے جتنا کشمیر کا کیس لڑا، کسی اور نے نہیں لڑا۔

تازہ ترین