وفاقی وزیر برائے خارجہ اُمور شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی پی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی طور پر عمران خان کو وزیراعظم تسلیم کرلیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ اب بلاول وزیراعظم عمران خان کو سیلیکٹڈ نہیں الیکٹڈ کہنا شروع کردیں، ہم اپوزیشن کو آئینی انداز میں شکست دیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آٹے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے گندم امپورٹ کی جائے گی، چینی کی بھی امپورٹ کا فیصلہ کیا ہے، گیس کی قیمتوں کا چیلینج ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے معاہدوں نے ہمیں جکڑا ہوا ہے، عظمت سعید صاحب کی دیانت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے، اگر اپوزیشن والوں کا دامن صاف ہے تو گھبراہٹ کس چیز کی ہے، ہم نے کہا ہم سے حساب مانگتے ہیں آپ بھی حساب دیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا دامن صاف ہے، براڈشیٹ کا معاہدہ کس نے کیا تھا؟ پی ٹی آئی کا دخل نہیں تھا، وزیراعظم عمران خان نے کہا اس کی پوری چھان بین ہوجائے، پائلٹس کے لائسنس کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے سسٹم کی خرابی کی وجہ سے ایئرلائن میں مسائل ہوئے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں امریکا اور ہماری سوچ مطابقت ہے، امریکا کو بدلے ہوئے پاکستان کے ساتھ آگے چلنا ہے، نیا پاکستان، نئی ترجیحات کے ساتھ امریکا کے ساتھ آگے جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ جب اسرائیل کو منظور ہی نہیں کیا تو اسرائیل نامنظور ریلی کیوں نکال رہے ہیں، یہ لوگ قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، پی ڈی ایم کے لوگ کشمیر کے لوگوں کو نقصان نہ پہنچائیں۔