• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیراز آصف

کورونانے جہاں دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو شدیدمتاثر کیا وہیں کورونا کی وباء نے دنیا کھیل میں کچھ نئی چیزوں کو بھی متعارف کرایا جیسے اسپورٹس کے آن لائن کورسز، سیمینارز،ورکشاپس حتی کہ اپنے گھروں میں محصور کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس کی کلاسزبھی آن لائن ہونا شروع ہوگئیں۔ 

اولمپک گیمزسمیت دیگر اہم ایونٹس کی منسوخی جیسے فیصلوں کیلئے ورچوئل میٹنگز کاسہارا لیا گیا مگر اس تمام تر صورتحال کے باوجود گذشتہ سال کراچی میں باسکٹ بال کی سرگرمیاں تواتر سے جاری رہیں جس کاسہرا یقینا کراچی باسکٹ بال ایسو سی ایشن کوجاتا ہے جس نے اس مشکل وقت میں اپنی کاوشوں سے نہ صرف کھیل کے ویران میدانوں کو آباد کیا بلکہ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچز،والدین اور شائقین کھیل کو بھی باسکٹ بال کورٹ لانے میں کامیاب رہے۔ 

ان ایونٹس کے تسلسل سے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی کھیل کے میدانوں سے دوری کو ختم اور شہرمیں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال رکھنا تھا جس کے باعث باسکٹ بال کے کئی باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آئے اور انہوں نے اپنی کارکردگی سے دیکھنے والوں کو بہت متاثر کیا ان ایونٹس کی ایک نمایاں بات یہ بھی رہی کہ مقابلوں کے دوران کوویڈ سے بچائو کیلئے ایس او پیز کامکمل اور سختی سے خیال رکھا گیا۔ 

رواں ماہ نئے سال کا پہلا ایونٹ حال ہی میں جدید سہولیات سے آراستہ آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر چوتھے کمشنر کراچی بوائز اینڈ گرلز باسکٹ بال کپ سے ہوا آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کو پاکستان میں باسکٹ بال کی نرسری کہا جائے تو غلط نہ ہوگا ماضی میں بھی اس تاریخی کورٹ سے پاکستان کے کئی کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل اور قومی سطح پر اپنے کھیل سے ملک کا نام روشن کیا۔

ایونٹ کے آغاز سے قبل ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر سائوتھ ارشاد علی سوڈھر کیجانب سے باسکٹ بال کورٹ کی تزین وآرائش کے ساتھ ساتھ رنگ وروغن ، فلڈ لائٹس کی درستگی اور کھلاڑیوں کیلئے پہلی بار چینجنگ روم اور ٹوائلٹس تعمیر کئے گئے، آرام باغ فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کیجانب سے تماشائیوں کے بیٹھنے کیلئے نئی کرسیاں نصب کی گئیں جسے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت کھیل کے میدانوں کی بحالی کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جاسکتا ہے۔ 

کمشنر کراچی باسکٹ بال کپ میں مردوں کے ایونٹ کافائنل باوُنس کلب نے اومیگا کلب کو شکست دیکر اپنے نام کیا جبکہ خواتین کے فائنل ایونٹ میں الفا کلب نے جیتا، ا اختتامی تقریب مہمان خصوصی کمشنر کراچی نویداحمد شیخ تھے۔

تازہ ترین
تازہ ترین