• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

براڈشیٹ سے ثابت ہوا، این آر او کلچر ملک کو پیچھے لے گیا، شبلی فراز


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت وقت کا فرض ہے کہ براڈ شیٹ سے متعلق تحقیقات مکمل کی جائیں۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شبلی فراز نے کہا کہ این آر او کلچر اس ملک کو پیچھے لے گیا، کرپٹ عناصر نے سیاست کو استعمال کرتے ہوئے سودے بازی کی۔

انہوں نے کہاکہ براڈشیٹ کیس نےثابت کیاکہ کرپشن کرنےوالوں کوچھوڑا گیا اور کچھ تو وزیراعظم اور صدر بھی بنے۔


وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہاکہ ہم نے براڈ شیٹ معاملے پر کمیشن بنادیا ہے جو اُن لوگوں کو بے نقاب کرے گا جو کرپشن کرتے رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ آج کل ہم ایسے کلچر میں رہ رہے ہیں کہ کرپشن کو بڑی بات نہیں سمجھا جاتا ہے بلکہ جو کرپشن نہیں کرتا لوگ اس کو ناکام سمجھتے ہیں۔

شبلی فراز نے یہ بھی کہاکہ براڈشیٹ کے معاملے پر جو انکوائری کمیٹی بنائی گئی اس میں معمولی سی تبدیلی کی گئی ہے، براڈ شیٹ کے معاملے پر معاہدہ حکومت پاکستان نے کیا تھا، ہمیں اس کی لاج رکھنی تھی۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات میں ہم نے ہمیشہ شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے، کیا فائدہ اگر لوگ پیسے سے ووٹ خرید کر ایوان بالا میں آئیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ لوگ پوچھتے ہیں نیا پاکستان کیا ہے، تبدیلی ایک دن کا ایونٹ نہیں، ایک سلسلہ ہے، اسلامی بینکنگ کو فروغ دینا ہماری ترجیحات میں سے ہے۔

تازہ ترین