• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھرم بازی کیلئے "ڈی ایچ اے مافیا کلب" بنایا، گرفتار ملزم

کراچی (افضل ندیم ڈوگر)کراچی کے علاقے کلفٹن سے "ڈی ایچ اے مافیا کلب" کی نمبر پلیٹ لگی گاڑی کے ساتھ پکڑا گیا نوجوان وقار حسین عدالت سے ضمانت پر رہائی کے بعد مسلسل بخار میں مبتلا ہے جبکہ اسلحہ کے لائسنس پیش نہ کرسکنے پر دونوں سیکورٹی گارڈز کی تاحال ضمانت نہیں ہوسکی ہے

پولیس ریکارڈ کے مطابق وقار حسین نے خود کو بیرون ملک قانون کا طالب علم اور پاکستان تحریک انصاف سے تعلق ظاہر کیا ہے

کلفٹن پولیس کے مطابق 25 سالہ وقار حسین عرف وکی اور ان کے دو سیکورٹی گارڈزکے خلاف 22 جنوری کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 279 کے تحت ایف آئی آر نمبر 21/34 درج کی گئی تھی

پولیس کے مطابق ملزم کے والد صمد حسین دبئی میں مقیم اور دبئی اور کراچی میں تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ ہیں، ملزم کے مطابق وہ کراچی کا پیدائشی ہے، اس نے اسی شہر سے ابتدائی تعلیم حاصل کی

اس کے بعد سے وہ دبئی میں مقیم ہے،وقار ان دنوں کراچی آیا ہوا تھا اور ڈیفنس فیز 2 کی کمرشل اسٹریٹ کے فلیٹ میں رہائش پذیر ہے،بیان کے مطابق ملزم اور اس کے 20 دوستوں نے ڈیفنس میں بھرم بازی کیلئے "ڈی ایچ اے مافیا کلب" بنایا تھا، جس میں ایم این ایز، ایم پی ایز اور دیگر بااثر شخصیات کے بیٹے شامل ہیں، تاہم پولیس ریکارڈ میں ملزم نے اپنے دو دوستوں حمزہ اور بلال کے نام ظاہر کئے ہیں

پولیس کے مطابق کراچی میں "ڈی ایچ اے مافیا کلب" کا کوئی باقاعدہ دفتر تو موجود نہیں ہے تاہم وہ فیس بک پیج چلا رہے تھے جس میں وقار نے پکڑنے کے چیلنج کے ساتھ اپنی گاڑی کی تصویر شیئر کی تھی، ملزم اور اس کے گارڈز کی گرفتاری کے فوری بعد فیس بک پیج بند کردیا گیا تھا

ملزم کے مطابق تمام دوست ٹیلی فونک رابطے کے بعد اپنی اپنی قیمتی گاڑیوں کے ساتھ کلفٹن یا ڈیفنس میں کسی ایک جگہ جمع ہوکر اپنے اثر و رسوخ کی نمود و نمائش کرتے تھے

پولیس کے مطابق ملزم اور ان کے ساتھی سیکورٹی گارڈز کو مقدمے کے اندراج کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

عدالت نے تینوں ملزمان کو جیل بھیج دیا تھا۔ ضمانت ہونے پر ملزم کی جیل سے رہائی عمل میں آگئی تاہم دونوں سیکورٹی گارڈز ابھی جیل میں قید ہیں۔

تازہ ترین