وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کو بتایا ہے کہ رواں سال اسلام آباد میں او آئی سی کا اجلاس ہوگا، جس میں مسئلہ کشمیر کی صورت حال پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
چیئرمین مشاہد حسین سید کی زیرصدارت پارلیمنٹ میں خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور قید کشمیری رہنماؤں کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر خارجہ نے مشاہد حسین سید کو دہشت گردی اور عدم استحکام کے لیے بھارت کی ریاستی پشت پناہی کے بارے میں ڈوزیئر پیش کیا۔
اجلاس میں گرفتار کشمیری رہنماؤں یاسین ملک اور آسیہ اندرابی کے اہل خانہ کو شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی تھی۔
کمیٹی نے متفقہ قرارداد کے ذریعے اسیر کشمیری رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
کمیٹی نے بھارت کا تسلط قبول نہ کرنے اور مزاحمت جاری رکھنے پر غیّور کشمیری عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔