سوشل میڈیا پر تنازعات کے حوالے سے مشہور اور بالی ووڈ کی کئی ہٹ فلموں کی اداکارہ کنگنا رناوت سابق بھارتی وزیراعظم مسز اندرا گاندھی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں۔
اس سے قبل وہ تامل سینما کی مشہور بھارتی اداکارہ اور بعدازاں سیاست داں بننے والی سابق وزیراعلیٰ تامل ناڈو جیارام جیا للیتھا کی حالات زندگی پر بنائی جانیوالی 2019 کی فلم میں جیارام جیا للیتھا کا کردار ادا کرچکی ہیں۔
اس فلم کو جون 2020 میں ریلیز ہونا تھا مگر کورونا وائرس کے باعث یہ ابتک ریلیز نہیں ہوسکی ہے۔ اب وہ سائی کبیر کی سیاسی ڈرامہ پر مبنی اندرا گاندھی کی زندگی پر مبنی فلم میں کردار ادا کرینگی۔
ان اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے کنگنا نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فلم بایو پک تو نہیں ہے لیکن اس میں بھارتی سیاسی تاریخ سے متعلق واقعات کا خصوصی طور پر احاطہ کیا گیا ہے جو کہ اندرا گاندھی کے عہد میں کیے گئے۔