• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا مطلب مہنگائی کا طوفان برپا کرنا ہے، ناصر شاہ

سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیازی حکومت آئی ایم ایف کے اشارے پر چلتی ہے اس لیے ان کو عوام کی پرواہ نہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا مطلب مزید مہنگائی کا طوفان برپا کرنا ہے۔ سید ناصر شاہ نے کہا کہ حکمرانوں کو خوف خدا نہیں صرف آئی ایم ایف کا خوف ہے۔ 


انھوں نے کہا کہ نیازی حکومت نے غریب عوام سے روٹی تو پہلے ہی چھینی ہے۔ اب غریب عوام میں مزید مہنگائی کا بوجھ برداشت کرنے کی سکت نہیں ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر ان کا چولہا بھی بند کردیا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ حکمران چاہتے ہیں کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے پہلے غریب عوام اسلام آباد مارچ کرے۔ سید ناصر شاہ نے مزید کہا کہ ہم پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کو مسترد کرتے ہیں۔ نیازی حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ واپس لے۔

دوسری جانب وزیرِ توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ظالم حکومت نے جنوری میں عوام پر تیسری مرتبہ پیٹرول بم گرادیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کب تک اپنے اے ٹی ایمز کو فائدہ پہنچاتی رہے گی؟ بدترین مہنگائی کر کے عوام سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے۔

تازہ ترین