صوبائی وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کا خوف نیازی حکومت کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے، عمران خان زرداری صاحب کی سیاست سے گھبرا گئے ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے ایک نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو کے بیان ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنما صدر زرداری کو ٹارگٹ کرتے ہیں لگتا ہے کہ عمران خان زرداری صاحب کی سیاست سے گھبرا گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ’سلیکٹڈ ‘کے بعد ’کارنرڈ ‘ وزیراعظم لگتے ہیں، زرداری صاحب کا خوف نیازی حکومت کو دیمک کی چاٹ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این آر او کی روزانہ بات کرکے عمران خان عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں ، عمران خان کس این آر او کی بات کرتے ہیں؟ وہ جو جنرل مشرف کے دور میں این آر او ہوا اسے تو سپریم کورٹ نے ختم کردیا تھا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ این آر او دینا عمران خان کے اختیار میں ہی نہیں، عمران خان سلیکٹڈ کے بعد اب ’کارنرڈ‘ وزیراعظم کہلوا رہے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان کو شکایت ہے کہ محمد علی درانی کو ڈائیلاگ کا ٹاسک دینے سے متعلق ان سے پوچھا تک نہیں گیا ، عمران خان کی بے بسی قابل ترس ہے ، اب تو عمران خان کو اپنی ٹیم تنہا چھوڑتی جارہی ہے۔