• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: حریف کا پنچ لگنے سے جاں بحق باکسر اسلم خان کی میت پشین روانہ

کراچی کے پویلین کلب میں باکسنگ مقابلے کے دوران حریف کھلاڑی کا پنچ لگنے سے جاں بحق باکسر محمد اسلم خان کی میت آبائی شہر پشین بلوچستان روانہ کر دی گئی ہے۔ گلستان جوہر پولیس واقعہ سے لاعلم ہے تاہم اہلِ خانہ نے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی۔

بلوچستان کے علاقے پشین سے تعلق رکھنے والے قومی سطح کے باکسر محمد اسلم خان گزشتہ رات کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر پویلین کلب میں مقابلے کے دوران سر پر پہنچ لگنے سے شدید زخمی ہوگئے تھے۔

اہل خانہ کے مطابق باکسر اسلم خان کو اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال پہنچایا گیا تھا جہاں اتوار کی دوپہر ڈھائی بجے ان کا انتقال ہوگیا۔

قریبی عزیز عبداللّٰہ نے جنگ کو بتایا کہ غسل کفن کے بعد اسلم کی میت بلوچستان میں آبائی شہر پشین روانہ کردی گئی ہے۔

اہل خانہ کے مطابق پشین کے معصوم بابا قبرستان میں پیر کی صبح 11 بجے نماز جنازہ اور تدفین ہوگی۔

قریبی عزیز اکرم خان کے مطابق اسلم خان فائٹ کے دوران پنچ لگنے سے زخمی ہوئے تھے، اس لئے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی۔

قریبی عزیز عبداللّٰہ کے مطابق مرحوم باکسر اسلم خان نے بیوہ اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی نے بتایا کہ انہیں واقعہ کی اطلاع ملی ہے، اس مقابلے کا پولیس کو علم نہیں تھا اور نہ ہی کسی نے باکسنگ مقابلے کے دوران موت کا مقدمہ درج کروایا۔

گلستان جوہر تھانے کے ایس ایچ او اعظم گوپانگ کے مطابق پویلین کلب میں کسی باکسنگ مقابلے کا علم ہے اور نہ ہی کسی نے تھانہ گلستان جوہر میں اطلاع دی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا کھیل جس میں جان جانے کا خدشہ ہو سرکاری اجازت کے بغیر نہیں کروایا جاسکتا۔

انسپکٹر اعظم گوپانگ کے مطابق کسی بھی ایسی سرگرمی کی ڈپٹی کمشنر سے اجازت لی جاتی ہے، تھانے کو اجازت نامہ جمع کروایا جاتا ہے، مگر میڈیا کے ذریعے باکسر اسلم خان کی موت کا پتہ چلا اپنے طور پر تحقیقات کر رہے ہیں۔

تازہ ترین