سیالکوٹ،لاہور(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں ) لیگی رہنماؤں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، سیالکوٹ میں سابق میئرتوحیداختر اورخواجہ آصف کے بیٹے خواجہ اسدکا 4منزلہ دفتر گرادیا،حکام کے مطابق پارک اور قبرستان کی جگہ پر دفاتر بنائے گئےجو ضابط کی خلاف ورزی تھی،معان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق نے بتایا نوٹسزکےبعد سیل کی گئی عمارت کے استعمال پرکارروائی کی گئی۔ سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کے بیٹے خواجہ اسد اورسابق میئر سیالکوٹ توحید اختر کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کارروائی کی اور سوسائٹی کی چار دیواری میں تعمیر 4 منزلہ عمارت گرادی گئی۔گزشتہ صبح ضلع کونسل کا عملہ درجنوں گاڑیوں اورسینکڑوں اہلکاروں کے ساتھ سوسائٹی پہنچا اور 4منزلہ دفاتر کو گرانے کاکام شروع کردیا۔انتظامیہ کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹی 29 ایکڑپرمحیط ہے، سوسائٹی کے اپنے نقشے کے مطابق اس کے 35 ہزاراسکوائرفٹ پرپارک تعمیر ہوناتھا لیکن سوسائٹی انتظامیہ نے اس پارک کے 12مرلہ پر4 منزلہ سوسائٹی دفتر بنادیے اور عقبی حصے سے پارک کی باقی اراضی کوپوراکرکے 37ہزاراسکوائرفٹ پرپارک بنایااور نیانقشہ ریوائس کیلئے دے دیاگیالیکن نقشہ پاس نہ ہوا،ہائوسنگ سوسائٹی کی پارک اور قبرستان کی جگہ پر دفاتر کی تعمیر ضابط کی خلاف ورزی ہے۔انتظامیہ کے مطابق غیرقانونی تعمیرات پر 11نومبر 2020 کو مقدمہ درج کیاگیاتھا جبکہ یہ سوسائٹی خواجہ آصف کے بیٹے خواجہ اسداورسابق میئر توحید اختر کی مشترکہ ملکیت ہے۔دوسری جانب سابق میئر توحید اختر کاکہناہے کہ کارروائی سیاسی انتقام کانتیجہ ہے اور بغیرکسی نوٹس کے اتنی بڑی کارروائی کی گئی۔